پشاور(این این آئی)کرنل طارق غفور کی ٹارگٹ کلنگ کا ڈراپ سین ہوگیا، ٹارگٹ کلرز کو کرنل غفورکو قتل کرنے کا ٹاسک جلالہ آباد کی جیل میں کالعدم تنظیم کے امیر نے دی تھی ۔تھانہ پشتخرہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اے ایس پی حیات آباد حسن افضل کا کہناتھا کہ کرنل غفور کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث دونوں ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم امتیاز عرف فاروق کو عالم گودر اور حسین جان کو نواحی علاقے اچینی بالا میں پولیس اور محکمہ انسداد دہشتگردی نے مشترکہ کاروائی کے دوران گرفتار کیا ، پولیس کے مطابق کرنل طارق غفور کے قتل کا ٹاسک ٹارگٹ کلرز کو افغانستان کے صوبے جلالہ آباد کی جیل میں کالعدم تنظیم کے امیر نے دی تھی اور قتل کیلئے ملزمان کو دس لاکھ روپے دینے تھے اے ایس پی کے مطابق کرنل طارق غفور پر فائرنگ امتیاز عرف فاروق نے کی تھی جبکہ حسین جان موٹرسائیکل چلارہاتھا ۔ دونوں ٹارگٹ کلرز کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہیں جنہوں نے صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی لوگوں کو ٹارگٹ کرچکے ہیں ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے سی ٹی ڈی کے حوالے کردیا گیا، واضح رہے کہ کرنل طارق غفور کو گیارہ مارچ دوہزار سولہ کو حیات آباد میں شہید کیا گیا تھا۔