لاہور ( این این آئی) اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے پر کام کرنے والے چینی باشندوں کی سکیورٹی کے لئے 55کروڑ 57لاکھ کے فنڈز مانگ لیے گئے ۔ ذرائع کے مطابق لاہور پولیس نے اورنج ٹرین منصوبے پر کام کرنے والے چینی باشندوں کا سکیورٹی پلان حکومت پنجاب کو بھجوا دیا ہے جس کے مطابق 310چینی اہلکاروں جن میں انجینئرز ، ٹیکنیشنز ، مینجمنٹ شامل ہیں دو سال تک منصوبے پر کام کریں گے جن کی سکیورٹی کے لئے 55کروڑ 57لاکھ روپے کے فنڈز مانگے گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق چینی باشندوں کی سکیورٹی کے لئے چیک پوسٹیں بنائی جائیں گی جبکہ 27کلو میٹر ٹریک پر اہلکار سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لئے پٹرولنگ بھی کیا کریں گے اور سکیورٹی پر 55کروڑ کے فنڈز خرچ ہوں گے جبکہ ایک فیصد بجٹ سکیورٹی کے حوالے سے سول ورکس پر خرچ ہو گا ۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ فنڈز کی منظوری کے لئے سمری محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کو بھجوا دی گئی ہے اور قوی امید ہے کہ جلد فنڈز کی منظوری دیدی جائے گی ۔