چنیو ٹ (این این آئی)زہریلی کھیر کھانے کی وجہ سے ایک ہی فیکٹری میں کام کرنے والے 12 مزدوروں کی حالت غیر ہو گئی جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق فیصل آباد روڈ پر موجود عبداللہ فائبر مل میں موجود مزدوروں نے رات کے وقت کھیر بنائی اور اسے ٹھنڈا کرنے کے لیے کھلے برتن میں بغیر ڈھانپے ہی رکھ دیا۔صبح تمام ملازموں نے کھیر کھائی جن میں سے 12 مزدوروں کی حالت غیر ہو گئی جنہیں فی الفور ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال پہنچایا گیا۔ڈاکٹروں کے مطابق ہسپتال میں رمضان، عطاء اللہ، عرفان، زاہد، تنویر، امتیاز، بلال، یعقوب، مجاہد، محمد علی، شاہد اور منیر سمیت 12 مزدوروں کے معدے صاف کر دیے گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ اب تمام مزدوروں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔دوسری طرف ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مشتاق بشیر عاکف کا کہنا ہے کہ زہریلی کھیر قبضہ میں لے لی گئی ہے جس سے مردہ چھپکلی بھی برآمد ہو چکی ہے اور یہ واقعہ حادثاتی طور پر پیش آیا ہے ۔