اسلام آباد (رئیس احمد خان) پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر میں عبدالخالق وصی اور ذوالفقار ملک پر مشتمل نوسرباز گروہ کی نوسربازیاں تھمنے میں ہی نہیں آ رہیں۔ اپنوں کو ڈسنے کی عادت سے مجبور آستین کے ان سانپوں سے پارٹی کے سیکرٹری جنرل شاہ غلام قادر بھی محفوظ نہ رہ سکے۔ تفصیلات کے مطابق نوسرباز گروہ نے اشتیاق بخاری سے 7 لاکھ روپے لے کرپہلے اس کو مسلم لیگ (ن) میں شامل کرایا، بعد میں ویلی 4 ایل اے 39 سے ٹکٹ دلانے کا جھانسہ دے کر اس سے 2 کروڑ روپے پارٹی فنڈ کے نام پر مانگ لئے۔ ان نوسربازوں نے یہ پیسے وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی آصف کرمانی اور پارلیمانی بورڈ کے دیگر ممبران کے نام پر طلب کئے۔ یاد رہے کہ ویلی 4 ایل اے 39 سے مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل شاہ غلام قادر کے بیٹے الیکشن لڑنے کے امیدوار ہیں۔ اس کا مقصد صرف اور صرف پارٹی سیکرٹری جنرل کو پریشان کرنا ہے۔ دو رکنی گروہ نے پیسے لے کر پارٹی کے مستند لیڈروں کے خلاف ہر حلقے میں مصنوعی امیدوار تیار کر لئے ہیں۔ ان کی تفصیلات جلد ہی کشمیر ٹائمز میں پڑھنے کو ملیں گی۔