لاہور(نیوزڈیسک)لاہور ہائیکورٹ میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے خلاف اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ کے زیر سماعت کیس پر تقریر کرنے کے الزام میں ان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں سول سوسائٹی کی جانب سے توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کے خلاف ایک ہی نوعیت کی مختلف درخواستیں ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہیں۔ عدالت نے تاریخی عمارتوں کی حد تک حکم امتناعی جاری کیا تھا، تاہم شہباز شریف نے عدالت میں زیر سماعت معاملہ پر ایک سیمینار میں تقریر کی جس میں اعلان کیا کہ وہ مرجائیں گے لیکن اورنج ٹرین ضرور بنائیں گے۔.درخواست میں کہا گیا کہ وزیر اعلی پنجاب کے یہ الفاظِ توہین عدالت کے زمرے میں آتے ہیں اس لیے ان کے خلاف توہین عدالت کے قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔