لاہور (نیوزڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز اور پاکستان پیپلز پارٹی پر پابندی عائد کرنے کے لئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کی جانب سے عائد اعتراض ختم کرتے ہوئے اسے ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لیا۔گزشتہ روز جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار سید اقتدار حیدر نے موقف اختیار کیا کہ پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز اور پاکستان پیپلزپارٹی کے عہدیدار سیاسی مفادات کے لئے ایک دوسرے کی سیاسی جماعت کا نام، جھنڈا اور عہدے استعمال کر رہے ہیں، پولیٹیکل پارٹیز ایکٹ اور عوامی نمائندگی ایکٹ کے تحت کسی سیاسی جماعت کا رکن یا عہدیدار دوسری سیاسی جماعت کے عہدے یا نام کو استعمال نہیں کر سکتا۔پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز اور پی پی پی کے رہنما اور ورکرز قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک دوسرے کی سیاسی جماعت کے عہدے،،جھنڈے اور نام استعمال کر رہے ہیں۔ درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ عدالت دونوں سیاسی جماعتوں پر پابندی عائد کرنے کا حکم دے اور رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دینے سے متعلق عائد اعتراض ختم کرے ۔ فاضل عدالت نے موقف سننے کے بعد رجسٹرار آفس کی جانب سے درخواست پر عائد اعتراض ختم کرتے ہوئے درخواست کو ابتدائی سماعت کیلئے منظور کر لیا۔