ڈھیر کوٹ(این این آئی) وفاقی وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان نے خیرات اورزکوٰۃ کے پیسے 2010 میں باہربھجوائے اور انہی پیسوں سے آف شور کمپنی بھی بنائی۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہاکہ شریف خاندان 1936 سے کاروبارکررہا ہے ٗ عمران خان نے خیرات اورزکوٰۃ کے پیسے 2010 میں باہربھجوائے اور انہی پیسوں سے آف شور کمپنی بنائی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں سے متعلق سوال ہونگے توآپ کے بچوں سے متعلق بھی سوال ہونگے، خان صاحب بتائیں کہ ان کی کمائی کا ذریعہ کیا ہے اور لندن میں ان کے بچوں کی تعلیم کا خرچہ کون اٹھا رہا ہے؟پرویز رشید نے کہاکہ عمران خان نے آف شورکمپنی کے ذریعے 30 کروڑ روپے ڈبودئیے ٗ ان 30 کروڑ روپے سے کتنا منافع کمایا اور آپ جہازوں سے سفرکیسے کرتے ہیں؟ آپ کو شیشے کے گھرمیں رہ کرپتھرنہیں پھینکنے چاہیے ٗ پتھرواپس بھی آتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شوکت خانم کیلئے زمین بھی نوازشریف نے مفت دی تھی اور نوازشریف نے زمین دی اورمشینری لانے کیلئے ٹیکس کی چھوٹ دی گئی۔