پشاور (نیوز ڈیسک) چوہوں کے شکاریوں کیلئے ایک اور بری خبر یہ ہے کہ پشاور میں ضلعی حکومت نے چوہوں کے سر پر رکھی انعامی رقم واپس لینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ انعامی رقم واپس لینے کی خبر خواتین پر جیسے بجلی بن کر گری۔تفصیلات کے مطابق فنڈز کی کمی یا سوچے سمجھے بغیر کئے فیصلے کا نتیجہ یہ نکلا ہے کہ پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے صرف پندرہ دن بعد ہی چوہوں کے سر پر رکھی گئی انعامی رقم واپس لے لی، جس شان سے انعامی رقم کا اعلان کیا گیا تھا، اسی خاموشی سے ضلع نائب ناظم نے اعلان واپس لینے کا اقرار بھی کر لیا ہے۔چوہوں کے سر پر رکھی گئی انعامی رقم واپس لینے کا فیصلہ خواتین پر سب سے زیادہ بجلی بن کر گرا، جن کا کہنا تھا کہ پیسے تو آنے جانے والی چیز ہے، لوگوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے مہم جاری رکھی جانی چاہئے تھی۔ ضلعی حکومت سے قبل کنٹونمنٹ بورڈ انتظامیہ نے بھی تین سو روپے انعام کا اعلان کیا تھا لیکن چند روز بعد ہی انہوں نے بھی پسپائی اختیار کر لی تھی۔