سرگودھا (نیوز ڈیسک) سرگودھا میں پولیس کے شعبہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے کارروائی کرکے 3 خواتین دہشت گردوں کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی کی ٹیم نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر سرگودھا کے بائی پاس سیم نالہ لاہور روڈ پر کارروائی کی۔کارروائی کے دوران دو مسلح افراد نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی جس پر پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، تاہم ملزمان پولیس کی جوابی کارروائی کے باوجود فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس نے چھاپے کے دوران تین خواتین دہشت گردوں اسماء جبین، خولہ مختار اور عبیرہ کو گرفتار کرلیا۔گرفتار دہشت گرد خواتین کے قبضے سے دو خود کش جیکٹس اور تین دستی بم بھی برآمد کیے گئے۔تفتیش کے دوران خواتین دہشت گردوں نے فائرنگ کرنے والے دہشت گردوں کی مختار احمد اور عمر مختار کے نام سے شناخت کی۔پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔پولیس حکام کے مطابق گرفتار خواتین میڈیا ہاؤسز اور دیگر دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھیں جب کہ فرار ہونے والوں میں مختار احمد اور عمر مختار شامل ہیں، مختار احمد میڈیا ہاؤسز پر حملے کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔