لاہور (نیوز ڈیسک) کالاباغ ڈیم کی تعمیر جلد شروع کرنے کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں بیرسٹر ظفراللہ خان کی وساطت سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ملک میں توانائی کا شدید بحران ہے جس کے باعث ملک تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے،کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر ملک کے سیاستدان اپنی سیاست چمکا رہے ہیں اور عوام شدید اذیت میں مبتلا ہے۔کالاباغ ڈیم کے حوالے سے حکومت بھی کوئی اقدام نہیں اٹھا رہی،حکومت اس منصوبے پر کاغذی کارروائی پر کروڑوں روپے خرچ کر چکی ہے اور کئی بار بجٹ میں اس کیلئے رقم بھی مختص کی گئی ہے۔ درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ عدالت کالاباغ ڈیم کی جلد تعمیر شروع کرنے اور اس حوالے سے ملک میں ریفرنڈم کروانے کے احکامات جاری کرے۔