میرپور بھٹو(نیوزڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سابق وزیراعلیٰ و گورنر سندھ سردار ممتاز علی خان بھٹو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ پانامہ لیکس معاملہ اپنی جگہ مگر زرداری کے خلاف 22 سال قبل دائر ہونے والا سوئس مقدمہ کیوں بھلا دیا گیا ہے؟ زرداری مسند صدارت پر بیٹھنے کے لئے تو صحتمند تھا مگر سوئس کیس میں بیماری کا سرٹیفکٹ دے کر آج تک بچا ہوا ہے، حالانکہ اس مقدمے میں شریک ملزم جیل اور جرمانہ دونوں سزائیں کاٹ چکے ہیں، یہ بھی معلوم نہیں ہوا کہ اس کیس سے متعلق سوئس بینک میں موجود 60 ملین ڈالر جو ظاہر کیے گئے تھے وہ کس نے ہڑپ کر لیے؟ زرداری سوئس کیس میں ابھی بھی نامزد ملزم ہے اور سپریم کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود وہ مقدمہ چلانے سے صاف انکار کر رہا ہے، حالانکہ عدالت اعظمہ کی حکم ادولی پر دو وزرائے اعظم اپنی نوکریاں گنوا چکے ہیں۔ زیپلوں کا پانامہ لیکس کے معاملے پر احتجاج نہ کرنے کا اعلان کھلم کھلا مفاہمتی حکمرانی کا نیا ثبوت ہے تو دوسری جانب ان کی حکومت کی مخالفت صرف نورا کُشتی ہے جس کو چھپایا نہیں جا سکتا۔