کراچی (نیوزڈیسک) راءنیٹ ورک کی سرگرمیوں پر مزید توجہ دینے اورکراچی آپریشن کوتیز کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔اس بات کا فیصلہ ہفتہ کوڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کی صدارت میں رینجرز ہیڈکوارٹر میں رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ حکام کا اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق احمد مہر، ڈی ڈی جی رینجرز، سیکٹر کمانڈرز، ڈی آئی جیز صاحبان، رینجرز اور پولیس کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں آپریشن کی شروعات کے موقع پر امن وامان کی صورت حال اور حالیہ صورت حال کا تقابلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں بالخصوص رینجرز اور پولیس پر ہونے والے حملوں میں ملوث عناصر کے خلاف مکمل اور حتمی کارروائی کا فیصلہ بھی کیا گیا۔اجلاس میں ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کراچی پولیس چیف کی درخواست پر منظوری دی، جس کے مطابق90 روزہ ریمانڈ پر رینجرز حراست میں موجود ملزمان سے پولیس بھی تفتیش کرسکے گی۔رینجرز حکام نے آپریشن کے دوران گرفتار ملزمان کی تفتیش بہتر بنانے پر زوردیا۔ اس موقع پر رینجرز اور پولیس کے شہداءکی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جن کی کاوشوں کی بدولت شہر امن کی جانب گامزن ہے۔ اجلاس میں اس بات کا اعادہ بھی کیا گیا کہ بدامنی میں ملوث بچے کھچے عناصر کو بھی جلد قانون کے دائرے میں لایا جائے گا تاکہ شہر میں دائمی امن قائم ہوسکے۔