نئی دہلی (این این آئی)بھارتی نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی کی عدالت نے پٹھانکوٹ ائیر بیس پر حملہ کرنے کی سازش کے الزام میں کالعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر ٗان کے بھائی مفتی عبد الرؤف اور دیگر دو لوگوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے ۔بھارتی نیوز چینل ’’این ڈی ٹی وی ‘‘ کے مطابق نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی کی خصوصی عدالت نے پٹھانکوٹ ائیر بیس پر حملے کی سازش کرنے کے الزام میں کاعدم جیش محمد کے سربراہ مولانا مسعود اظہر،مفتی عبدالرؤف ،شاہد لطیف اور کاشف لطیف کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کردیئے ہیں ۔بھارتی تحقیقاتی ادارے ’’این آئی اے ‘‘نے عدالت میں ایئر بیس پر حملہ آوروں ، کاشف جان اور شاہد لطیف کے درمیان ہونے والی مبینہ گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ اور مفتی عبدالرؤف کی مبینہ ویڈیو ریکارڈنگ پیش کی گئی جس میں انہوں نے حملہ آوروں کی تعریف کی تھی،جسے بعد میں ہٹا دیا گیا تھا اور اب مذکورہ ویب سائٹ بھی بند ہو چکی ہے ۔ بھارتی خصوصی عدالت سے مولانا مسعود اظہر اور ان کے تین دیگر ساتھیوں کے ناقابل ضمانت وارنٹ کو لیکر بھارتی حکومت انٹرپول سے رابطہ کریگی تاکہ مولانا مسعود اظہر اور ان کے دیگر ساتھیوں کو بھارت کے حوالے کیا جا سکے ٗبھارت کے تحقیقاتی ادارے نے ایک بار پھر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ پٹھانکوٹ ایئر بیس پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی تصاویر انہوں نے اپنی ویب سائٹ پر جاری کی ہیں جس کے بعد دنیا بھر اور پاکستان سے بھی کئی لوگ ان دہشت گردوں کی شناخت کے حوالے سے ان کے رابطے میں ہیں اور دہشتگردوں کے حوالے سے معلومات شیئر کرنے کے خواہش مند ہیں ۔نیشنل انوسٹی گیشن ایجنسی نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ مرنے والے ان 4حملہ آوروں کی شناخت ناصر حسین (پنجاب)ابوبکر (گجرانوالہ)عمر فاروق اورعبدالقیوم کا تعلق صوبہ سندھ سے بتایا ہے۔