کراچی(این این آئی)تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن امجد اللہ کی وفاداری تبدیل کرانے کا نوٹس لے اور این اے 245کے الیکشن کو کالعدم قراردیا جائے ۔جمعرات کو کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے کہا کہ تحریک انصاف الیکشن کمیشن سے موجودہ صورت حال کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتی ہے اور الیکش کمیشن این اے 245کے الیکشن کو کالعدم قرار دے ۔پولنگ سے چند گھنٹے قبل امیدوار کی وفاداری تبدیل کرائی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اگر ہمیں پتہ ہوتا تو امجد اللہ کو ٹکٹ ہی نہیں دیتے ۔غلطی انسان سے ہی ہوتی ہے ۔فاروق ستار اندازہ کرلیں جب کوئی آپ کو چھوڑ جاتا ہے تو وہ برا بن جاتا ہے ۔فارق ستار کو پتہ ہے کہ ان کے ساتھ بیٹھے افراد کا ضمیر کب جاگتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بکرا منڈی لگانی ہے تو اتنے اخراجات کرکے الیکشن کرانے کا کیا فائدہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ اس حلقے میں ایم کیو ایم پی ٹی آئی سے زیادہ مضبوط ہے لیکن اس طرح کے عمل سے پورے انتخابی عمل کو مشکوک بنادیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ امجد اللہ کی انتخابی مہم میں پارٹی رہنما موجود ہوتے تھے امجد اللہ انتخابی کیمپ پر حملے سے پریشان تھے ۔