لاہور( نیوز ڈیسک)27مارچ کو ہونے والے خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی یاد میں کئی خاندان گلشن اقبال پارک پہنچ گئے ، مردو خواتین اپنے پیاروں کو یاد کر کے روتے رہے جس سے انتہائی رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے مختلف حصوں سے مرد و خواتین وقفے وقفے سے گلشن اقبال پارک پہنچتے رہے جو گزشتہ اتوار ہونے والے خود کش دھماکے میں جاں بحق ہونے والے اپنے پیاروں کو یاد کر کے روتے رہے ۔انتظامیہ کی طرف سے پارک کی بندش کا نوٹس اور سکیورٹی تعینات ہونے کی وجہ سے کسی کو بھی پارک کے اندر داخل ہونے کی اجازت نہ دی گئی ۔ ذرائع کے مطابق پارک کو دوبارہ عوام کے لئے کھولنے کے حوالے سے تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا ۔بتایا گیا ہے کہ خود کش دھماکے سے پارک کا مرکزی حصہ متاثر ہوا ہے جسکی بحالی کے لئے کم از کم 20روز سے ایک ماہ کا وقت درکار ہوگا۔