لاہور( نیوز ڈیسک) پاکستان علماءکونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے سانحہ گلشن اقبال پارک کے خلاف یکم اپریل کو ملک بھر میں یوم مذمت منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے گناہ انسانیت کو قتل کرنے والوں کا دین ،اسلام اور جہاد سے کوئی تعلق نہیں ہے،قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد ہی پاکستانی قوم کو دہشت گردی اور انتہاپسندی سے نجات دلاسکتا ہے،ملک کے اندر بعض فرقہ پرست متشدد گروہ فرقہ وارانہ تشدد اور انتہاپسندی کو فروغ دینے کیلئے سرگرم عمل ہیں،انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے قومی اور بین الاقوامی سطح پر فکری اور نظریاتی اتحاد قائم کرنا ہوگا،اتحاد قائم کرنے کیلئے پاکستان علماءکونسل نے جدوجہد شروع کردی ہے،جولائی اور اگست میں اتحاد امت کانفرنسوں کے ذریعے عوامی سطح پر فرقہ وارانہ تشدد ،انتہاپسندی اور فرقہ وارانہ تشدد کیخلاف مہم چلائی جائے گی۔اس بات کا اعلان انہون نے پاکستان علماءکونسل کے سپریم کونسل کے اجلاس کے بعد فیصلوں کا اعلان کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مرکزی سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی،مرکزی وائس چیئرمین مولانا ایوب صفدر،ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبد الحمید وٹو،مولانا ڈاکٹر شاہنواز ،مولانا ابوبکر حمزہ ،مولانا عبد الحمید صابری، مولاناطاہر عقیل اعوان،مولانا شفیع قاسمی،مولانا انوار الحق مجاہد،مولانا سمیع اللہ ربانی،مولانا عبد القیوم،مولانا مشتا ق لاہوری،مولانا فہیم الحسن،حاجی بشیر یوسف گجر بھی موجود تھے۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ پاکستان علماءکونسل کی مرکزی مجلس شوریٰ نے ہندوستانی خفیہ ایجنسی کی ایران کے ذریعے سرگرمیوں کو قابل تشویش قرار دیتے ہوئے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے مو ¿قف کو قومی امنگوں کے مطابق قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کو بغیر کسی مصلحت کے ایران اور ہندوستان سے بات کرنی چاہئے اور جو نیٹ ورک ہندوستان نے ایران کے شہروں میں بنارکھا ہے اس کیخلاف ایرانی حکومت سے دوٹوک بات کی جائے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کو یہ حق نہیں دیاجاسکتا کہ وہ اپنی سرزمین کو پاکستان میں تخریب اور دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے دے۔انہوں نے کہا کہ یکم اپریل جمعة المبارک کو وفاق المساجد پاکستان کے تحت ملک کی 74ہزار سے زائد مساجد میں پاکستان میں را کی سرگرمیوں اور ہندوستان اور ایران کے کردار پر قرار دادیں منظور کی جائیں گی ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایرانی حکومت ایرانی شہروں میں راکے پاکستان میں دہشتگردی کیلئے بنائے گئے نیٹ ورک کے ذمہ داروں کو گرفتار کرکے پاکستان کے حوالے کرے۔