کراچی.(نیوزڈیسک)وزیر اطلاعات سندھ نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ خیرپورفائرنگ واقعے میں قتل ہونے والے تمام افراد پیپلزپارٹی کے ووٹرز ہیں۔ نثار کھوڑو کا کہنا تھا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کا پتا لگا لیا ہے، پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کی سزا میں مخالفین نے لاشیں گرائی ہیں، متاثرہ خاندانوں کو ہر صورت میں انصاف فراہم کیا جائے گا۔ دوسری جانب فنکشنل لیگ کی رہنما نصرت سحرعباسی نے خیر پور میں ہونے والے واقعے پر کہا ہے کہ ہمیں خدشات تھے کہ ایسا کچھ ہونے والا ہے، ان کا کہنا تھا کہ خیرپورفائرنگ میں زیادہ جانی نقصان ہمارا ہوا ہے۔ رہنما فنکشنل لیگ نصرت سحرعباسی کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن سے فوج تعینات کرنے کی درخواست کی تھی، خیرپورمیں صبح سے اسلحے کی نمائش کی جارہی تھی، پچھلی بار بھی ٹھپے لگاکر الیکشن ہائی جیک کرلیاگیاتھا۔ خیرپور فائرنگ کے واقعے پر آئی جی سندھ نے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی بنا دی۔ کمیٹی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی ڈاکٹر ثنا الله عباسی کو مقرر کیا گیا ہے۔ ایس ایس پی خیر پور اور ایس ایس پی سکھر بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔