اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور ریحام خان کے درمیان طلاق کی خبروں کی تصدیق ہونے کے بعد دونوں کے درمیان علیحدگی کی وجوہات بھی سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق عمران اور ریحام کے درمیان طلاق کی وجوہات سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان اور ریحام خان کے درمیان کچھ معاملات پر گزشتہ کئی ماہ سے اختلافات تھے اور تحریک انصاف کے پارٹی امور میں مداخلت پر پی ٹی آئی کے رہنماؤں میں بھی شدید مایوسی پائی جا رہی تھی۔
تحریک انصاف کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران اور ریحام کے درمیان علیحدگی کی سب سے بڑی وجہ کپتان کی بہنوں کی ناراضگی تھی، عمران خان کی بہنیں علیمہ خان اور عظمیٰ خان دونوں کی شادی سے خوش نہیں تھیں اور دونوں نے عمران کی شادی میں شرکت بھی نہیں کی تھی۔ عمران خان نے جب طلاق سے متعلق اپنی بہنوں کو اطلاع دی تو اس کے بعد ان کے درمیان تعلقات بہتر ہوئے۔
یاد رہے کہ عمران خان کی بہن علیمہ خان نے اپنے بھائی کے لئے ایک لڑکی پسند کی تھی لیکن عمران خان نے ریحام سے شادی کا کہا تھا جس پر علیمہ خان عمران سے خوش نہیں تھیں اور تقریباً 10 ماہ تک یہ ناراضگی برقرار ہی۔تحریک انصاف کے چیرمین کی طلاق کی دوسری بڑی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ پارٹی رہنماؤں کی جانب سے عمران خان کو متنبہ کیا گیا کہ ریحام خان نے لوگوں سے تحفے تحائف دینے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جس سے پارٹی اور آپ کی ذاتی ساکھ کو نقصان ہو گا۔ ذرائع نے بتایا کہ ریحام خان نے کراچی کے ایک صنعتکار اور لاہور سے پی ٹی آئی کے ایک مرکزی رہنما سے پیسے لئے جس نے دونوں کے درمیان اختلافات کو مزید ہوا دی۔
اس کے علاوہ ریحام کو عمران خان کے قریبی دوست اور سابق کرکٹر صلاح الدین صلو کے بنی گالہ آنے پر اعتراض تھا جس پر عمران نے اس حوالے سے اسد عمر کو کہا کہ وہ ریحام کو سمجھائیں کہ پارٹی اور میرے دوستوں کے معاملات میں دخل اندازی نہ کریں، اسد عمر نے جب اس حوالے سے ریحام سے بات کی تو انھوں نے اسد عمر کے بنی گالہ داخلے پر ہی پابندی لگا دی اور کہا کہ اگر انھیں پارٹی معاملات پر بات کرنی ہو تو پارٹی آفس موجود ہے وہیں جا کر بات کریں۔ دوسری جانب ریحام کے رشتہ داروں کے بنی گالہ آنے پر عمران خان بھی نالاں تھے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ ریحام خان نے مشترکہ رضامندی کے بعد ایک دوسرے سے علیحدگی کا فیصلہ کیا اور اس حوالے سے دونوں نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر تصدیق بھی کردی ہے۔
عمران خان اور ریحام خان کے درمیان طلاق کی وجوہات منظرعام پر آنا شروع
30
اکتوبر 2015
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں