لاہور(نیوزڈیسک) لاہور کا تاریخی چوبرجی مینار اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبے کی نذر ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کا تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے۔ اس منصوبے نے انتہائی متنازعہ حیثیت اختیار کرلی ہے۔ میٹرو ٹرین کی تعمیر کی وجہ سے لاہور کی متعدد قدیم تاریخی عمارتیں متاثر ہونے لگی ہیں ۔ کچھ دن پہلے انکشاف ہوا تھا کہ اس منصوبے کی تعمیر کیلئے مال روڈ پر واقع معروف جی پی او عمارت کو گرا دیا جائے گا۔ اب ایک نجی ٹی وی کی جانب سے انکشاف کیا گیا ہے کہ لاہور کا معروف چوبرجی مینار بھی اس منصوبے کی نذر کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے ماہرین آثار قدیمہ کی جانب سے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ دنیا بھر میں تاریخی عمارتوں کو سرمائے کی حیثیت حاصل ہوتی ہے لیکن پاکستان میں صورتحال اس کے برعکس ہے۔ کسی بھی منصوبے کی تعمیر کی وجہ سے تاریخی عمارتوں کو نقصان پہنچنے سے بچانے کیلئے اقدامات کیے جانے چاہیں۔