اسلام آباد(نیوزڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی انتخابات کے ووٹرز کیلئے ہدایات نامہ جاری کر دیا، پنجاب میں ہر ووٹر کو دو جبکہ سندھ میں تین بیلٹ پیپرز دیئے جائیں گے۔الیکشن کمیشن کے ہدایت نامہ میں واضح کیا گیا ہے کہ ووٹ ڈالنے کے لئے اصل قومی شناختی کارڈ دکھانا لازمی ہو گا۔ زائد المیعاد شناختی کارڈ بھی قابل قبول ہو گا تاہم پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس یا نادرا کی رسید پر ووٹ نہیں ڈالا جاسکتا۔الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کیلئے پولنگ صبح ساڑھے سات بجے شروع ہو کر بغیر کسی وقفے تک شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ پنجاب میں چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدے کیلئے بیلٹ پیپر کا رنگ نیلا جبکہ کونسلر اور میونسپل کمیٹی کے رکن لئے سفید ہو گا۔ سندھ میں چیئر مین اور وائس چیئر مین کیلئے سبز رنگ کا بیلٹ پیپر استعمال کیا جائے گا۔ جنرل کونسلر کے لئے بیلٹ پیپر ہلکا سفید جبکہ ضلع کونسل، میونسپل یا ٹاؤن کمیٹی کیلئے نیلے رنگ کا ہوگا۔سندھ اور پنجاب کے بیس اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ 31اکتوبر کو ہوگی۔ ووٹر اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300پر ایس ایم ایس کر کے بھی ووٹ کی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔