سوات (نیوزڈیسک) سوات میں تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان اور خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کیخلاف زلزلہ متاثرین نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ زلزلہ متاثرین دونوں رہنمائوں کے غیر مناسب روئیے اور متاثرین کیلئے کسی بھی قسم کے ریلیف پیکج کا اعلان نہ کرنے پر نعرے بازی کر رہے تھے۔ عمران خان اور پرویز خٹک نے ضلع سوات کا انتہائی مختصر دورہ کیا۔ وہ صرف پانچ منٹ کیلئے سیدو ٹیچنگ ہسپتال گئے اور مقامی حکومتوں کے کسی بھی نمائندے یا متاثرین سے ملے بغیر واپس ہیلی پیڈ چلے گئے۔ دونوں رہنمائوں کے غیر مناسب رویہ سے متاثرین مشتعل ہوگئے اور انہوں نے عمران خان اور پرویز خٹک کے خلاف ’’ شرم کرو‘ شرم کرو‘‘ کے نعرے لگائے۔ دونوں رہنمائوں کی واپسی کے بعد تحصیل کونسلر ڈاکٹر خالد محمود اور عبدالکبیر سمیت دیگر نمائندوں نے میڈیا کو بتایا کہ عمران خان اور پرویز خٹک یہاں صرف فوٹو سیشن کیلئے آئے تھے۔ انہوں نے زلزلہ متاثرین کا مذاق اڑایا جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔