کراچی (نیوزڈیسک)کراچی کی مقامی عدالت نے ایم کیوا یم کی سی ای سی کی رکن لیلی پروین اور دیگر کی پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کے خلاف توہین رسالت کی درخواست خارج کردی ہے ۔ ایم کیو ایم سی ای سی کی رکن لیلی پروین ،منظور بروہی اور دیگر7 افراد نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ایسٹ کی عدالت میں درخواست جمع کرائی تھی کہ پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے 17 اکتوبر کو باغ قائد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ لفظ مہاجر ان کے نزدیک گالی ہے ان کا یہ بیان توہین رسالت کے زمرے میں آتا ہے کیونکہ یہ لفظ نبی کریم ﷺ نے اپنے لیے بھی استعمال کیا ہم نے اس حوالے سے مقدمہ درج کرنے کے لیے بریگیڈ تھانے رابطہ کیا لیکن ایس ایچ او نے مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا لہذا عدالت ان کے خلاف دوسو پچانوے اے ،بی اور سی کے تحت مقدمہ درج کرنے کی ہدایت جاری کرے درخواست گزار کی جانب سے احمد رضا قصوری اور بیرسٹر سیف پیش ہوئے تھے عدالت نے عدم پیروی کے باعث درخواست خارج کردی۔