کراچی(نیوزڈیسک)سابق وزیر اعلیٰ ممتاز بھٹو نے کہا ہے وزیراعظم نواز شریف نے ان کو پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے ساتھ مفاہمت کی بھینٹ چڑھادیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے بعد ساتھیوں کا اجلاس بلاکر اہم فیصلے کروں گا اور سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کروں گا وہ مسلم لیگ ن سندھ کے سینئر نائب صدر شاہ محمد شاہ سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے ان سے منگل کو ملاقات کی اور مسلم لیگ نہ چھوڑنے کی درخواست کی۔ ممتاز بھٹو نے کہا کہ نواز شریف نے ان کے ساتھ کئے گئے معاہدوں کی خلاف ورزی کی ہے اور دھوکہ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ممتاز بھٹو نے کہا کہ پنجاب میں کوئی رہنما ناراض ہوجائے تو نواز شریف پریشان ہوجاتے ہیں لیکن سندھ کے ناراض رہنماﺅں کو ان کی کوئی فکر نہیں انہوں نے سندھ میں ہماری پارٹی ایس این ایف کو تباہ کردیا ہے۔