لاہور(نیوز ڈیسک) حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی دوبارہ تعیناتی کے حوالے سے پارٹی کے بعض پاور فل ارکان کی تجویز پر دوسرے خیال پر غور کررہی ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کو تجویز دی گئی ہے کہ غیرضروری تنقید اور خاص طور پر تحریک انصاف کی مخالفت کے باعث کوئی نیا چہرہ سامنے لایا جائے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ این اے 122میں دوبارہ الیکشن کا فیصلہ کرتے وقت ایاز صادق ہی بطور سپیکر امیدوار تھے لیکن عبدالعلیم خان سے بہت کم مارجن سے جیتنے پر یہ رائے تبدیل ہو گئی اور اب کسی نئے چہرے کو سامنے لانے پر غور ہو رہا ہے۔ پارٹی کے سینئر رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ابھی تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور جلد ہی پارٹی اجلاس میں اس حوالے سے غور کیا جائیگا۔ تاہم ایاز صادق کے سپورٹرز نے اس خیال کو مسترد کر دیا ہے۔ رابطے پر سردار ایاز صادق نے کہا وہ تبدیلی کے حوالے سے باخبر نہیں اور وہ اس حوالے سے ہونے والے کسی بھی فیصلے کو قبول کرینگے۔ پارٹی ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایاز صادق کو وزیر بنا دیا جائیگا اور کسی چھوٹے صوبے سے سپیکر قومی اسمبلی منتخب کیا جائیگا