پشاور/لاہور/شانگلہ /اسلام آباد/مظفر آباد((نیوزڈیسک)پاکستان میں آنے والے شدید ترین زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں افواج اور سول اداروں کا ریسکیو آپریشن جاری ہے، زخمیوں اور متاثرین کو نکالنے کیلئے ہیلی کاپٹر سروس بھی استعمال کی جا رہی ہے جبکہ وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ زلزلہ متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے .متاثرین کےلئے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک سے مشاورت کے بعد جامع پیکج کا اعلان کیا جائیگا ، متاثرین کو معاوضہ دیا جائیگا اوران مدد کیلئے انتظامات میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی،زلزلے سے اب تک سامنے آنے والی اطلاعات کے مطابق سب سے زیادہ تباہی صوبہ خیبرپختونخوا ہ میں ہوئی جہاں 202 افراد ہلاک ہوئے اور سینکڑوں مکانات مکمل طور پر تباہ ہو گئے ہیںجبکہ ملک میں مجموعی طور پر 248 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے تاہم مالی اور جانی نقصان میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ، زلزلے کے بعد مرکزی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور متاثرہ علاقوں میں ضروری سامان ،اشیائے خوردونوش اور ادویات بھجوائی جارہی ہیں،وزیر اعظم محمد نواز شریف نے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا ۔ تفصیلات کے مطابق پیر کے روز ملک بھر میں آنے والے زلزلے کے بعد پاک فوج اور سول اداروں کی امدادی اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں ۔ اطلاعات کے مطابق زلزلے سے صوبہ خیبر پختوانخواہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں سب سے زیادہ جانی او رمالی نقصان ہوا ہے ۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک بھر میں زلزلے سے ہلاک ہونے والے افراد کی کل تعداد 248 جبکہ 1665 زخمی ہیں۔سب سے زیادہ صوبہ خیبر پختونخوا ہ متاثر ہوا جہاں 202 ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ صوبہ بھر میں زخمی ہونے والوں کی تعداد 1486 ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا ہ سے متصل قبائلی علاقوں میں کل 30 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔گلگت بلتستان میں 9، پنجاب میں 5اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 2ہلاکتوں کی تصدیق ہوئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ زلزلے کے نتیجے میں سب سے زیادہ مالی نقصان خیبرپختونخوا میں ہوا جہاں 4392 منہدم ہونے والے مکانات میں سے 3952 مکانات اسی صوبے میں موجود تھے۔این ڈی ایم اے کے مطابق نقصانات کا درست تخمینہ لگانے کیلئے سیٹلائیٹ تصاویر سے مدد لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس ضمن میں سپارکو سے رابطہ بھی کر لیا گیا ہے۔ زلزلہ متاثرہ علاقوں میں افواج پاکستان اور سول اداروںکا ریسکیو آپریشن جاری ہے اور اس میں مزید تیزی لائی گئی ہے ۔ایدھی فاﺅنڈیشن سمیت دیگر رفاعی تنظیموں کے رضا کار بھی متاثرہ علاقوں میں پہنچ گئی ہے ۔ زخمیوں اور متاثرین کو نکالنے کیلئے ہیلی کاپٹر سروس بھی استعمال کی جا رہی ہے۔ کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان کے مطابق سب سے زیادہ تباہی مالاکنڈ میں ہوئی۔ سول اور ملٹری اہلکار متاثرہ علاقوں تک پہنچ چکے ہیں۔ نیول چیف ایڈمرل محمد ذکا اللہ کی ہدایت پر پاک بحریہ نے بھی امدادی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں۔ امدادی سامان سے بھرے ٹرک بھی سوات روانہ کر دیئے گئے ہیں اور فیلڈ کمانڈرز کو تمام متاثرین تک پہنچنے کی ہدایت بھی کی