پشاور(نیوزڈیسک)خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی امیر اللہ مروت پر جرمانہ عائد کر دیا گیا۔لکی مروت کے حلقہ این اے 27 سے قومی اسمبلی کے رکن امیر اللہ مروت پر جرمانہ پشاور کی ٹریفک پولیس نے عائد کیا۔چالان کے مطابق امیر اللہ مروت نے ڈرائیونگ کے دوران سیٹ بیلٹ باندھا ہوا نہیں تھا جس پر رکن اسمبلی کا 200 روپے کا چالان کیا گیا۔امیر اللہ مروت نے اپنی غلطی تسلیم کی اور ٹریفک پولیس کی ٹریفک وارڈن ریپیڈ رسپانس اسکواڈ کی جانب سے عائد کیا گیا جرمانہ ادا کیا۔واضح رہے کہ گلوبل اسٹیٹس رپورٹ برائے روڈ سیفٹی 2015 میں کہا گیا کہ پاکستان کے پاس کسی قسم کی نیشنل روڈ سیفٹی پالیسی اور حادثات کے دوران اموات میں کمی کا ہدف متعین نہیں کیا گیا ۔