کراچی (نیوزڈیسک)کراچی کی مقامی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما دانیال عزیز کیخلاف مقدمہ درج کرنے سے متعلق درخواست پر ایس ایچ اودرخشاں کو نوٹس جاری کردئیے ہیں ۔ عدالت نے ایس ایچ او درخشاں کو ہدایت کی ہے کہ 29اکتوبر تک اپنا جواب عدالت میں پیش کریں ۔ درخواست پی ٹی آئی کے رہنما عمران اسماعیل کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں دائر کی گئی ، عمران اسماعیل نے زیر دفعہ 22-Aکے تحت دائر درخواست میں موقف اختیا کیا کہ ایک نجی ٹی وی پروگرام میں دانیال عزیز نے انھیں دھمیکیاں دیں اور زبان کاٹنے جیسے الفاظ ادا کئے جو کہ دھمکیاں دینے کے مترادف ہیں لہذا دانیال عزیز کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات جاری کئے جائیں ، عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ایس ایچ او درخشاں کو نوٹس جاری کردئیے علاوہ ازیں سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران اسمعیل کا کہنا تھاکہ پی ایم ایل این کے دانیال عزیز نے میڈیا کے سامنے انھیں دھمکیاں دیں اور اس ھوالے سے ان کے پاس شواہد موجود ہیں جو وہ عدالت میں پیش کریں ۔