کراچی (نیوزڈیسک)کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے قائد کی تقریر میں سہولت کار بننے کے مقدمے میں طاہر مشہدی کی ضمانت میں 20 نومبر تک توسیع کر دی۔ عدالت نے تفتیشی آفیسر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔خصوصی عدالت میں ایم کیو ایم کے رہنما طاہر مشہدی کے خلاف شر انگیز تقریر میں سہولت کار بننے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ طاہر مشہدی کے وکیل کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ مقدمے میں طاہر مشہدی ساتویں بار عدالت میں پیش ہوئے ہیں لیکن تفتیشی آفیسر مسلسل غیر حاضر ہے۔ عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تفتیشی آفیسر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 20 نومبر ملتوی کر دی۔ پیشی کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے طاہر مشہدی کا کہنا تھا کہ اپنے قائد کی تقریر کو سننا کوئی جرم نہیں، ان پر سہولت کار کا جو مقدمہ بنایا گیا ہے، وہ بے بنیاد ہے۔ وہ ساتویں بار عدالت آئے ہیں لیکن تفتیشی آفیسر غیر حاضر ہے۔انہیں امید ہے، عدالت سے انصاف ملے گا۔