پشاور(آن لائن ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک پیر کے روز آنے والے زلزلے کے وقت وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کی عمارت سے سب سے آخر میں باہر نکلے تفصیلات کے مطابق پیر کی دوپہر 2 بجکر 9 منٹ پر جب زلزلہ آیا تو وزیراعلیٰ پرویز خٹک اپنے سیکرٹریٹ کے کانفرنس روم میں تعلیم سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں وزیرتعلیم محمد عاطف خان بھی موجود تھے وزیراعلیٰ کافی دیر تک اطمینان کے ساتھ زلزلہ رکنے کا انتظار کرتے رہے اور بالآخر اجلاس کے تمام شرکاءکو باہر چلے جانے کا کہا وزیراعلیٰ خو د سب سے آخر میں سیکرٹریٹ کی عمارت سے باہر نکلے جہاں سیکرٹریٹ کے تمام ملازمین اور سیکرٹریٹ میں موجود دیگر افراد اور مہمان پہلے سے موجود تھے اور خوف کے عالم میں کلمہ طیبہ کاورد کرنے کے علاوہ استغفار اور اذانیں دینے میں مصروف تھے وزیراعلیٰ زلزلہ رکنے کے بعد واپس کانفرنس روم میں پہنچے اور امدادی اداروں کیلئے ہدایات جاری کیں اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کا حکم دیا بعدازاں وزیراعلیٰ زلزلہ کی صورتحا ل کو مسلسل مانیٹر کرنے میں مصروف ہو گئے۔