لاہور(نیوزڈیسک) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میڈیا پر بلدیاتی انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج نشر کرنے پر پابندی عائد کر کے پیمرا کو احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی ، بلدیاتی انتخابات میں پاک فوج اور رینجرز کے دستے امن و امان کے تناظر میں کوئک رسپانس فورس کے طور پر فرائض سر انجام دیں گے ۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کی زیرصدارت لاہور میں اجلاس ہوا جس کمشنر لاہور ڈویژن ،ڈی سی او لاہور ، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر اورریٹرننگ افسران سمیت دیگر انتظامی افسران نے شرکت کی ۔ اجلاس میں 31اکتوبر کو منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھاکہ میڈیا کی طرف سے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج نشر کرنے کی وجہ سے تنازعات اور انتشار کی صورتحال پیدا ہونے کے خدشات ہوتے ہیں اس لئے میڈیا پر غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج نشر کرنے پر پابندی ہو گی ۔ پیمرا ان احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بنائے ۔ اجلاس میں پولنگ کے لئے انتظامات اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیاکہ بلدیاتی انتخابات میں پاک فوج اور رینجرز کے دستے کوئک رسپانس فورس کے طورپر فرائض سر انجام دیں گے جبکہ متعلقہ ادارے ضابطہ اخلاق کویقینی بنانے کےلئے اپنا بھرپور کردار اداکریں ۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ کو ہدایات دی گئیں کہ ریٹرننگ افسران اور انتخابات کے لئے سامان کو بروقت پولنگ اسٹیشنز پر پہنچانے کے لئے ٹرانسپورٹ کی سہولت فراہم کی جائے ۔ علاوہ ازیں34ریٹرننگ افسران کو پرنٹنگ کارپوریشن سے بیلٹ پیپرز کی فراہم آج منگل صبح نو بجے شروع ہوگی جنہیں سخت سکیورٹی حصار میں انکے دفاتر میں پہنچایا جائے گا جس کے بعد ان دفاتر کوسیل کر دیا جائے گا
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں