لاہور(آن لائن) لاہور ہائیکورٹ چوک میں واقع پاکستان کا تاریخی ورثہ جی پی او کی عمارت کے کچھ حصے بھی اورنج ٹرین منصوبے کی زد میںآگئے ہیں اور ان عمارتوں کے حصوں پر مسماری نشانات لگا دیئے گئے ہیںجبکہ دوسری طرف جین مندر کے مکینوں نے بھی اورنج ٹرین منصوبے کے خلاف جین مندر چوک میں مظاہرہ کیا اور منصوبے کا روٹ فوری تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا ہے مظاہرین کے مطابق ان کے سینکڑوں گھر اس منصوبے کی زد میں آرہے ہیں۔ مظاہرین میں خواتین بھی شامل تھیں جن کا کہنا تھا کہ منصوبے کے روٹ کی تبدیلی تک ان کا احتجاج جاری رہے گا۔ قومی ورثہ جی پی او کی عمارت کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ عمارت 1887میں قائم کی گئی جسے سر گنگارام نے تعمیر کیا اور 1905ءمیں جی پی او کو ٹولنٹن مارکیٹ سے جی پی او کی عمارت میںمنتقل کیا گیا جبکہ اورنج ٹرین پروجیکٹ انتظامیہ نے جی پی او کی بیرونی دیوار، برآمدے اور گرین باغ پر مسماری کے نشانات لگائے ہیں جنہیں مسمار کرنے سے عمارت کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔