دبئی(نیوز ڈیسک) مخدوم امین فہیم کی طبیعت ناساز ہو گئی ہے اور انہوں نے پاکستان منتقل کرنے کی خواہش کا اظہار کر دیا ہے جس پر ائیربس کے انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امین فہیم کینسر کے مرض میں مبتلا ہیں اور لندن میں زیر علاج تھے جہاں ان کے علاج کے 4 مراحل مکمل کر لئے گئے تھے جبکہ 2 مراحل ابھی باقی تھے تاہم ڈاکٹرز نے ان 2 مراحل کی تکمیل سے قبل ڈیڑھ مہینہ آرام کا مشورہ دیا جس پر وہ دبئی منتقل ہو گئے تاہم اب ان کی حالت انتہائی خراب ہوگئی ہے۔ مخدوم امین فہیم نے پاکستان منتقل ہونے کی خواہش کا اظہار بھی کر دیا ہے جس پر ان کے اہلخانہ کی جانب سے ائیر ایمبولینس کے انتظامات شروع کر دئیے گئے ہیں اور انہیں آج یا کل پاکستان منتقل کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مخدوم امین فہیم کو پاکستان متنقل کئے جانے کے بعد ان کا علاج جاری رکھا جائے گا اور ڈاکٹروں کے تجویز کردہ عرصے کے بعد علاج کے بقیہ 2 مراحل کی تکمیل کیلئے انہیں لندن منتقل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ مخدوم امین فہیم گزشتہ کئی عرصے سے دبئی میں زیر علاج ہیں اور کچھ عرصہ قبل پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چئیرمین ا?صف علی زرداری بھی ان کی تیمارداری کیلئے دبئی پہنچے تھے۔