لاہور (نیوز ڈیسک)بارش سے پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خوشگوار جبکہ کشمیر سمیت دیگر بالائی علاقوں میں ژالہ باری اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق موسم کی تبدیلی کا یہ سلسلہ آئندہ 48 گھنٹوں تک جاری رہنے کا امکان ہے جس سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ،لاہور،گوجرانوالہ ،فیصل آباد سمیت پنجاب کے بیشتر حصوں میں موسلا دھار بارش سے موسم خوشگوار اور ہلکی سے خنکی ہو گئی ہے جس کی وجہ سے چھٹی کے دن لوگ سرد موسم سے لطف اندوز ہونے کےلئے صبح سویرے تفریحی مقامات پر پہنچ گئے۔ پنجاب کے علاوہ خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی شدید بارش کے بعد خنکی میں اضافہ ہو گیا۔ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی شدید بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا جس کے باعث عوام گھروں میں دبک کر رہ گئے ہیں۔مری، ایبٹ آباد، مانسہرہ، نیلم، ناران، کاغان اور استور میں بھی بارش کےساتھ ساتھ برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔