واشنگٹن (نیوزڈیسک)وزیراعظم محمد نواز شریف کا امریکہ کے”دل“ میں پرتپاک استقبال،وزیراعظم محمد نواز شریف نے امریکی وزیر دفاع ایشن کارٹر کی دعوت پر پینٹاگون کا دورہ کیا-وزیراعظم کے ہمراہ مشیر قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز‘ وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار‘ وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان‘ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ‘ وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی‘ امریکہ میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی اور سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری بھی تھے-امریکی محکمہ دفاع کے ہیڈ کوارٹر آمد پر وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا-اس موقع پر پاکستان اور امریکہ کے قومی ترانے بجائے گئے-ملاقات کے دوران وزیراعظم نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ گزشتہ دو سال کے دوران دو طرفہ دفاعی تعاون میں اضافہ ہوا ہے-انہوں نے اس حوالے سے میری ٹائم سکیورٹی اور بارودی سرنگوں کے خاتمہ کیلئے تعاون کا ذکر کیا- وزیراعظم نے پاکستان کی انسداد دہشت گردی استعداد بڑھانے کیلئے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو سراہا-اس موقع پر امریکی وزیر دفاع ایشٹن کارٹر نے پاکستان میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو بہت حد تک محدود کر دینے کے حوالے سے پاکستانی پیش رفت کوسراہا-انہوں نے پاکستانی فوج ‘ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سویلینز کی طرف سے دی جانے والی قربانیوں کا اعتراف کیا-امریکی دزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اگلے مورچوں پر ہے-انہوں نے پاکستانی حکومت کی طرف سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قومی سطح پر سیاسی اتفاق رائے حاصل کرنے کےلئے کی گئی کوششوں کو بھی سراہا- ملاقات کے دوران فریقین نے علاقائی امن اور سلامتی سے متعلق امور پر بھی تبادلہ خیال کیا-جن میں افغانستان میں مفاہمت کی کوششوں کے حوالے سے پاکستانی کردار بھی شامل ہے-امریکی وزیر دفاع کے ہمراہ قومی سلامتی مشیر سوزن رائس‘ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف جنرل جوڈن فورڈ‘ نائب وزیر خارجہ ٹونی بلنکن اور پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن کے علاوہ امریکی محکمہ دفاع کے اعلی افسران بھی موجود تھے-