لاہور ( نیوزڈیسک) محکمہ موسمیات نے آج ( ہفتہ ) سے سوموار تک ملک کے بالائی حصوں میں بارش کی نوید سناد ی جبکہ پہاڑوں پر ہلکی بارش کا بھی امکان ہے ۔ گزشتہ روز بیشتر میدانی علاقوں میں خشک موسم کا راج رہا جبکہ بالائی علاقے جزوی طور پر ابر آلود رہے، سب سے زیادہ گرمی نوابشاہ میں پڑی، جہاں درجہ حرارت چالیس ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ہفتے سے سوموار کے دوران اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ جنوبی پنجاب میں اتوار اور سوموار کو تیز ہواوں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مالاکنڈ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں پہاڑوں پر ہلکی برفباری بھی ہو سکتی ہے۔