پشاور (نیوزڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت خیبر پختونخوا میں کم سے کم 23 ہزار 649 پرائمری سکولوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی ہے‘ ابھی تک سرکاری سکولوں کی حالت انتہائی ابتر ہے‘ محکمہ تعلیم کے سرکاری ذرائع کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا میں 23 ہزار 649 پرائمری سکول زندگی کی تمام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں جس کے باعث پورے صوبے میں تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مذکورہ سکولوں میں نہ باؤنڈری وال ہے نہ پینے کا صاف پانی اور نہ ہی بجلی کی سہولت میسر ہے۔ حتیٰ کہ حکمران جماعت پی ٹی آئی کی مطلوبہ توجہ سے بھی یہ سکول محروم ہیں۔ صوبے میں تین ہزار 816 سکول باؤنڈری وال (چاردیواری) سے محروم ہیں جن میں 427 گرلز اور 3 ہزار 389 بوائز سکول شامل ہیں۔ 7189 سکول پینے کے صاف پانی کی سہولت سے محروم ہیں۔ 9158 سکولوں میں بجلی نہیں ہے‘ 3 ہزار 486 سکولوں کو وائٹ واش نہیں کیا گیا جن میں 2786 بوائز پرائمری اور 700 گرلز پرائمری سکول شال ہیں۔ مذکورہ بنیادی سہولیات فراہم نہ ہونے کے باعث والدین کا کہنا ہے کہ زندگی کی بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث ہمارے بچوں کی تعلیم اور تربیت پر منفی اثرات پڑ رہے ہیں۔ ہم نے تحریک انصاف کو مسائل حل کرنے کے لئے ووٹ دیئے تھے۔