اسلام آباد (آن لائن )نیشنل پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 2روپے88پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دیدی ہے قیمتوں میں کمی سے کے الیکٹرک اور 300یونٹس سے کم استعمال کرنے والے صارفین کے علاہ ملک بھر کے بجلی صارفین کو 25 ارب تک ریلیف ملے گا اور یہ ریلیف صارفین کو جنوری 2016کے بلوں میں دیا جائے گا ۔ جمعرات کے روز نیپرا ہیڈ کوراٹر میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی طرف سے بجلی کی قیمتوںمیں کمی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی ہے ،سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی جانب سے ستمبر کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں کمی کی درخواست کی گئی تھی ، نیپرا نے درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے بجلی کی قیمتوں میں 2روپے 88 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دی ہے ، نیپرا کے چیئرمین طارق سدوزئی کے مطابق قیمتوں میں کمی کا اطلاق کے الیکٹرک اور 300سے کم یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین پر نہیں ہو گا ،قیمتوں میں کمی کا ریلف جنوری 2016کے بلوں میں ملک بھر کے بجلی صارفین کو دیا جائے گا ،قیمتوں میں کمی ستمبر کے مہینے میں بجلی کی پیداوری لاگت ،فرانس آئل اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے کی گئی ہے ،ستمبر کے مہینے میں 9ارب 31کروڑ یونٹس بجلی فروخت کی گئی ہے ۔