پشاور(آن لائن) ڈیرہ اسماعیل خان کے امن کو یقینی بنانے کیلئے ایک دوسرے کے عقائد کے احترام کے عزم کا اظہار کرنے کے لئے ڈیرہ اسماعیل خان میں امن ریلی کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت دونوں مسالک کے اکابرین ، امن کمیٹی کے کے رہنماﺅں سمیت ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نثار احمد خان اور ڈی پی او صادق حسین بلوچ نے کی۔ریلی لیاقت پارک سے شروع ہو کر ریسکیو 15پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے دوران شرکاءنے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی ترقی اور لوگوں کی خوشحالی کیلئے چونکہ امن کا قیام ایک بنیادی عنصر ہے اسلئے اپنے اور آنے والی نسلوں کے مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈیرہ اسماعیل خان میں مثالی امن کے قیام کو ممکن بنانے کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور امن و امان کے قیام کیلئے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کیا جائے گا تاکہ شرپسند اور ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو خاک میں ملایا جا سکے۔