جینوا/کراچی(نیوزڈیسک) چئیرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے بین الپارلیمانی یونین کے جنرل اسمبلی سیشن کی صدارت کی جس میں ہنگامی نوعیت کے امور پر غور کیا گیا جس میں آئی پی یو پارلیمینٹرین کے کردار، پارلیمنٹیرینز اور بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں کو تحفظ فراہم کرنے اور جنگوں کے باعث ہونے والے مہاجرین کو کسی فوری امداد اور سماجی و معاشی صورتحال پر بین الاقوامی انسانی حقوق اور بین الاقوامی کنوینشن کے تحت عملدرآمد کرنے جیسے امور پر غور کیا گیا ۔ میاں رضا ربانی کو آئی پی یو ایگزیکیٹیو کمیٹی میں 2سال تک کلیدی کردار ادا کرنے پر اسمبلی سیشن کا صدر منتخب کیا گیا ۔ یہ پہلی مرتبہ ہے کے دنیا میں سب سے بڑے پارلیمانی فورم کی اسیمبلی کا صدر کسی پاکستانی کو منتخب کیا گیا ہے ۔ انٹر پارلیمانی یونین میں 166اراکین پارلیا مینٹ ہیں جس کا جینوا میں 133واں جنرل اسیمبلی سیشن جاری ہے ۔جینوا آئی پی یو اسیمبلی میں 135پارلیمانٹیرین ، 41اسپیکرز ، 35ڈپٹی اسپیکرز اور 8سو سے زائد پارلیمینٹرین کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی تنظیموں کے مبصرین شریک ہیں۔ انٹر پارلیمنٹری یونین میں پاکستان کا 14رکنی وفد جس میں سات اراکین قومی اسیمبلی اور سینیٹ سے 4سینیٹرز اور سینیٹ اور قومی اسیمبلی کے سیکریٹریز جنرلز پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔