لاہور(نیوزڈیسک)وزیراعظم محمد نوازشریف عوامی رائے عامہ سروے میں 75فیصد ریٹنگ کے ساتھ سرفہرست ‘ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف 72فیصد ریٹنگ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں جبکہ عمران خان کی ریٹنگ 49فیصد ہے۔ عوامی رائے عامہ کے پلڈاٹ سروے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کی مقبول ترین جماعت ہے۔ صوبائی اور قومی اسمبلیوں کے دو سال مکمل ہونے پر کوالٹی آف ڈیموکریسی ان پاکستان کے بارے میں پاکستان بھر سے عوامی رائے عامہ سروے میں بتایا گیاہے کہ کارکردگی کے اعتبار سے پاکستان مسلم لیگ(ن) عوام کی رائے کے مطابق 70فیصد‘ پی ٹی آئی 44 فیصد اور پی پی 36 فیصد ہے جبکہ وزیراعظم محمد نوازشریف 75فیصد ریٹنگ کے ساتھ قابل اعتماد لیڈر ہیں جبکہ عمران خان کی ریٹنگ 49فیصد ہے۔ قابل ذکر امر یہ ہے کہ انتخابات 2013ءکو دھاندلی قرار دینے والی محدود اکثریت میں بھی تیزی سے کمی آ رہی ہے۔ گزشتہ سال کی نسبت اس سال دھاندلی سمجھنے والوں کی تعداد میں7فیصد کی واضح کمی ہو چکی ہے۔ کوالٹی آف ڈیموکریسی ان پاکستان کے 11اعشاریے میں سے 6اعشاریے واضح طور پر مثبت ہیں۔ مجموعی طور پر جمہوریت کی کوالٹی کے معیار میں پچھلے سال کی نسبت 10فیصد بہتری آئی ہے جبکہ حکومت کی کارکردگی‘ میڈیا کی آزادی ‘ سپریم کورٹ آف پاکستان کی اثر پذیری‘ کابینہ کی کارکردگی‘ سکیورٹی سیکٹر‘ انسانی حقوق کے احترام اور ریاست کی خودمختاری کے اعشاریئے مثبت بہتری کی طرف گامزن ہیں۔