لاہور(نیوزڈیسک)تحریک انصاف نے این اے 122 کے ضمنی انتخاب میں ووٹوں کی منتقلی کے حوالے سے جمع کئے گئے ثبوتوں پر اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کیلئے 22اکتوبر کو لاہو میں اے پی سی طلب کر لی ،چھ نکاتی چارج شیٹ بھی مرتب کر لی گئی جسے اپوزیشن جماعتوں کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن کو بھجوایا جائے گا۔ تحریک انصاف پنجاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اسے این اے 122کے ضمنی انتخاب میں بڑے پیمانے پر ووٹوں کی منتقلی کے ثبوت مل گئے ہیں اور اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی کے فیصلوں کی روشنی میں پی ٹی آئی آئندہ اقدام اٹھائے گی۔ پی ٹی آئی نے 22اکتوبر کو چیئرمین سیکرٹریٹ میں اے پی سی کے لئے تمام اپوزیشن جماعتوں کو دعوت نامے ارسال کر دئیے ہیں۔دوسری طرف پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن کے خلاف چھ نکاتی چارج شیٹ بھی مرتب کر لی ہے۔این اے 122 لاہور کے بارے میں تحریک انصاف کی مرتب کردہ چارج شیٹ میں اہم انکشافات سامنے آ ئے ہیں جس کے مطابق تحریک انصاف نے دعوی کیا ہے کہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ (ن) کو مختلف انتخابی فہرستیں دی گئیں ،پی ٹی آئی کو فراہم کی جانے والی انتخابی فہرستوں میں دو سو ووٹ ہر فہرست میں کم تھے ،پی ٹی آئی کے مطابق گھوسٹ ووٹرز بھی بڑی تعداد میں سامنے آئے جس کے پی ٹی آئی کو ثبوت مل گئے ہیں ، ووٹر لسٹ میں نام اور ایڈریس مختلف پائے گئے ، فرضی ایڈریس پر گھوسٹ ووٹرز کا اندراج کیا گیا ،این اے 122 میں عوام کی مرضی کے بغیر اچانک ووٹ باہر منتقل کیے گئے ۔ یہ چارج شیٹ چوہدری سرور اپوزیشن جماعتوں کی اے پی سی میں پیش کریں گے اور اپوزیشن جماعتوں کی منظوری کے بعد چارج شیٹ الیکشن کمیشن کو ارسال کی جائے گی۔