اسلام آباد(نیوزڈیسک)کرپشن کے الزام میں خاتون سینیٹر کیخلاف کارروائی،آصف زرداری طیش میں آگئے،پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے صوبہ خیبرپختونخواہ کے احتساب کمیشن کی جانب سے خاتون سینیٹر ستارہ ایاز کو ہراساں کرنے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تاثر فوری طور پر ختم کیا جائے کہ احتساب کے نام پر مخالفین کے خلاف انتقامی کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کرپشن کے خلاف ہے لیکن چاہتی ہے کہ تمام لوگوں کا احتساب کیا جائے اور احتساب کے نام پر سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائی نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی گزشتہ حکومت کے دوران نہ تو ملک میں کوئی سیاسی قیدی تھا اور نہ ہی کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کو شفاف ہونا چاہیے اور شفاف نظرآنا چاہیے۔ سابق صدر نے یاد دلایا کہ چند ہفتے قبل خیبرپختونخواہ میں لیاقت شباب کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا۔ لیاقت شباب کا تعلق کے پی کے کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے حلقہ انتخاب سے ہے جس کی وجہ سے احتساب کی آڑ میں انتقام کا تاثر قائم ہوتا ہے۔ ایک اور سابق صوبائی وزیر ضیااللہ آفریدی کو بھی کرپشن کے الزامات میں گرفتار کیا گیا تو اس نے صوبائی اسمبلی میں کھڑے ہوکر کہا کہ کے پی کے کی کابینہ کے کچھ افراد کرپشن اور اسمگلنگ میں ملوث ہیں جس کے ثبوت بھی انہوں نے پیش کئے لیکن حیرت کی بات ہے کہ نہ تو کسی کے خلاف کوئی ایکشن لیا گیااور نہ ہی تحقیقات کی گئی۔ اس سے یہ تاثر بنتا ہے کہ احتساب کو سیاسی مفادات کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایسے وقت ستارہ ایاز کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے جبکہ کے پی کے کے احتساب کمیشن کی ساکھ خود بہت خراب ہے۔ انہوں نے کہاکہ اخلاقیات اور قانون مطالبہ کرتے ہیں کہ کے پی کے کا احتساب کمیشن اپنے اقدامات کی وضاحت کرے ۔بجائے اس کے کہ وہ حزب اختلاف کے قانون سازوں کے خلاف انتقامی کارروائی شروع کر دے۔ انہوں نے کہا کہ کے پی کے کے احتساب کمیشن اور سیاسی حکمران اس بات کا حساب دیں کہ وہ گزشتہ چند ماہ سے حزب اختلاف کے قانون سازوں کو گرفتار کر رہے ہیں حالانکہ اس احتساب کمیشن کے قیام کا نوٹیفیکیشن ان قانون سازوں کی گرفتاری کے بعد جاری کیا گیا ہے