لاہور(آن لائن) مسلم لیگ ن نے پنجاب بھر میں بلدیاتی انتخابی مہم کی ذمہ داری مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما میاں حمزہ شہباز کو سونپ دی ہے جبکہ لاہور میں انتخابی مہم چلانے اور آزاد امیدواروں کو مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے حق میں دستبردار کروانے کے لئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک نے حمزہ شہباز کی ہدایت پر جن رہنما ں کو ٹاسک دیا ہے ان میں رکن پنجاب اسمبلی یاسین موصل کو رکن اسمبلی وحید عالم خان کے حلقہ این اے 127 اور شوکت بٹ این اے 130 کے حلقوں کی ذمہ داری سونپی ہے۔ کرنل (ر) مبشر کو این اے 123 اور این اے 124‘ حافظ نعمان کو این اے 122 مہر اشتیاق کو این اے 121 رکن پنجاب اسمبلی میاں نصیر کو این اے 120 اور ڈاکٹر اسد اشرف کو این اے 118 اور این اے 119 کی ذمہ داری سونپی ہے۔ مسلم لیگ ن لاہور کے صدر پرویز ملک نے کہا ہے کہ لاہور میں بلدیاتی الیکشن میں آزاد امیدواروں کو مسلم لیگ ن کے امیدواروں کے حق میں بٹھانے کے لئے ان افراد کو ذمہ داری سونپی گئی ہے جو خود بلدیاتی الیکشن نہیں لڑ رہے اور نہ ہی کسی کے ساتھ پارٹی ہیں۔