لاہور( این این آئی)حالیہ ضمنی انتخابات میںکامیاب ہونے والے نو منتخب اراکین حلف اٹھانے کےلئے قومی اور پنجاب اسمبلی کے اجلاس بلائے جانے کا شدت سے انتظار کرنے لگے۔صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ کی شہادت سے خالی ہونے والی نشست پی پی 16پر6اکتوبر کو ضمنی انتخاب ہوا تھا جس میںانکے صاحبزادے جہانگیر خانزادہ کامیاب ہوئے تھے۔ 11اکتوبرکو پنجاب میںقومی اسمبلی کے دو اور پنجاب کی ایک نشست پر ضمنی انتخاب ہواتھا ۔ لاہور کے حلقہ این اے122سے(ن)لیگ کے امیدوار سردارایاز صادق جبکہ اوکاڑہ کے حلقہ این اے144سے آزادامیدوارچوہدری ریاض الحق کامیاب ہوئے جبکہ لاہورکے صوبائی حلقہ پی پی 147سے پی ٹی آئی کے شعیب صدیقی نے کامیابی حاصل کی اور الیکشن کمیشن کی طرف سے کامیابی کانوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق قومی اور پنجاب اسمبلی کا اجلاس عاشورہ محرم کے بعدبلائے جانے کاامکان ہے جس میں نومنتخب اراکین رکنیت کا حلف لیں گے۔