اسلام آباد (آن لائن) تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرنے والے یار محمد رند نے بلوچستان کے مختلف جماعتوں کے ناراض اراکین سے پی ٹی آئی میں شمولیت کے لئے رابطے شروع کر دیئے ہیں‘ اس حوالے سے آئندہ چند روز میں عمران خان بھی بلوچستان کا دورہ کرینگے۔ تحریک انصاف کے ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے بلوچستان سے رہنما یار محمد رند نے عمران خان کے خصوصی ٹاسک پر بلوچستان میں مختلف جماعتوں کے ناراض رہنماﺅں سے رابطے شروع کر دیئے ہیں تاکہ پی ٹی آئی کو بلوچستان میں بھی فعال کیا جا سکے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان بھی آئندہ چند روز میں بلوچستان کا دورہ کرینگے۔ جہاں پر پریس کانفرنس کے دوران مزید رہنماﺅں کا بھی پی ٹی آئی میں شمولیت کا امکان ہے۔ تاحال ایسے رہنماﺅں سے بات چیت اور معاملات طے کئے جا رہے ہیں۔