واشنگٹن(نیوز ڈیسک) بھارتی لابی وزیراعظم نواز شریف کے دورہ امریکہ کو ناکام بنانے کیلیے سرگرم ہو گئی۔وزیراعظم نواز شریف سرکاری دورے پر 20 اکتوبر کو واشنگٹن پہنچ رہے ہیں اور پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے اس دورے کو سفارتی حلقوں نے خصوصی اہمیت دی ہوئی ہے۔ اس صورتحال پر بھارتی لابی میں پریشانی کی لہردوڑ گئی ہے اور بھارتی لابی نے وزیراعظم کے دورہ کو ناکام بنانے کیلیے اپنی سرگرمیاں شروع کر دی ہیں جب کہ بھارتی میڈیا میں بھی پاکستان مخالف پروپیگنڈا تیزکردیا گیا ہے۔دریں اثنا بھارتی لابی نے اپنے بعض اہم شہریوں کو ٹاسک سونپ دیا ہے اور ان شہریوں کے ذریعے نواز حکومت کی مخالف جماعتوں کے بعض کارکنوں سے بھی رابطے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ وزیراعظم کے دورہ امریکا کے موقع پر کوئی احتجاجی مظاہرہ کرایا جا سکے۔