کراچی (نیوزڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما رشید گوڈیل نے کہا ہے کہ میں ایم کیو ایم نہیں چھوڑ رہا اور نہ ہی کبھی چھوڑوں گا، میرے حوالے سے غلط خبریں نہ چلائی جائیں، الطاف حسین سے میرے کوئی اختلافات نہیں ہیں ۔مجھ سے منسوب کی جانے والی خبروں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے ، ڈاکٹروں نے گلے کے علاج کے لئے باہر جانے کا کہا ہے مگر باہر جانے کے پیسے نہیں ہیں۔ میڈیا سیاسی یتیموں کو کوئی اہمیت نہ دے۔وہ جمعہ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی کے رکن وسیم اختر، امین الحق اور اقبال مقدم بھی موجود تھے۔ عبدالر شید گوڈیل نے کہا کہ مجھ پر قاتلانہ حملے کے بعد میڈیا کی جانب سے مجھ سے بہت سے خبریں منسوب کی گئی ہیں ،نبیل گبول ایم کیو ایم چھوڑ چکے ہیں انہوں نے مجھ سے جو باتیں منسوب کی ہیں۔ میڈیا ان کو اہمیت نہ دے بلکہ یہ دیکھا جائے کہ کون بول رہا ہے ۔اگر مجھے سے کوئی بات منسوب کی جاتی ہے تو پہلے مجھ سے تصدیق کر لی جائے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کہا گیا کہ میں پارٹی چھوڑ رہا ہوں اور میرے الطاف حسین سے اختلافات ہو گئے ہیں میں ان کی سختی سے تردید کر تا ہوں نہ میں پارٹی چھوڑ رہا ہوں اور نہ ہی الطاف حسین سے میرے کوئی اختلافات ہوئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ میں نے 2005 میں ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کی تو الطاف حسیں نے مجھے ناظم منتخب کرایا اور 2008 میں رکن قومی اسمبلی منتخب کرایا اور 2013 میں رابطہ کمیٹی میں شامل کیا جبکہ قومی اسمبلی میں مجھے پارلیمانی لیڈر بھی بنایا ۔انہوں نے کہا کہ میں غریب ہوں کوئی غریب سوچ بھی نہیں سکتا ہے کہ وہ ایوان میں پارلیمانی لیڈر بنے گا لیکن الطاف حسین واحد لیڈر ہیں جو غریبوں کو ایوان تک پہنچاتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مجھے 6 گولیاں لگی اور سب کی دعاوں سے میری جان بچ گئی ۔ڈاکٹر کہتے ہیں بیرون ملک جا کر علاج کرایا جائے لیکن میں نے کہا کہ میں غریب آدمی ہوں میں بیرون ملک نہیں جا سکتا ہوں۔امین الحق نے کہا کہ عبدالرشید گوڈیل نہ ایم کیو ایم چھوڑ رہے ہیں نہ چھوڑیں گے اور وہ الطاف حسین کے وفادار ہیں اور رہیں گے ۔وسیم اختر نے کہا کہ عبدالرشید گوڈیل کی طیبعت خراب ہے لیکن ہم مجبور ہو کر انہیں کراچی پریس کلب لے کر آئے ہیں ۔نجی ٹی وی چینل ایم کیو ایم کے خلاف منفی پروپگنڈہ کر رہا ہے ۔