فیصل آبا(نیوزڈیسک)مسلم لیگ (ن) کے رہنما چوہدری شیر علی نے پارٹی قیادت کو متنبہ کیا ہے کہ اگر پارٹی معاملات پر نظرثانی نہ کی تو وہ اور ان کے بیٹے عابد شیر علی استعفیٰ دے دیں گے۔ہمارے چہرے پسند نہیں تو صاف کہہ دیں پارٹی چھوڑ دینگے،بلدیاتی انتخابات کے لئے غلط لوگوں کو اختیارات دے کر پارٹی کا بیڑہ غرق کردیا گیا، ہمیں رانا ثنااللہ سے ذلیل نہ کرائیں ،فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری شیرعلی کاکہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے غلط لوگوں کو اختیارات دے کر وزیراعلی پنجاب شہباز شریف نے پارٹی کا بیڑہ غرق کردیا، وہ زمانہ گیا جب کھمبوں کوٹکٹ ملتے تھے تو وہ جیت جاتے تھے، اربوں کھربوں روپے کے لاہور میں کام کرائے گئے انہوں نے کہا کہ پتہ نہیں مسلم لیگ کو اگے لے جایا جا رہا ہے یا پیچھے، یہ نہ سمجھیں کہ یہ لاہور میں ہوا ہے یہی صورتحال ملک بھر میں ہے اور خاص طور پر فیصل آباد میں بھی یہی صورتحال ہے،اگر صورتحال پر نظرثانی نہ کی گئی تو فیصل آباد میں صرف قانون شکن وزیرقانون ہی صرف مسلم لیگ (ن) کے ساتھ رہ جائے گا۔ لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ قانون شکن شخص کو وزیرقانون بنادیا گیا جس نے فیصل آباد کے 20 گھروں کو اجاڑ دیا، رانا ثنااللہ سے ذلیل نہ کرائیں اگر استعفیٰ چاہیئے تو عابد شیر علی استعفیٰ دینے کو تیار ہیں۔