لاہور(نیوزڈیسک)سی آئی اے پولیس نے ڈیوٹی مقام کی بجائے زمبابوے ٹیم کے دورے کے تناظر میں ریڈ زون قرار دئیے جانےوالے علاقے میں گاڑی پارک کر کے بیٹھے ہوئے ٹریفک وارڈن کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی ،جبکہ قذافی اسٹیڈیم کی حدو د سے بھی تین مشکوک افراد کو حراست میں لے لیا گیا ۔ سی آئی اے پولیس کے انسپکٹر محمد فیاض نے بتایا کہ ٹریفک وارڈن ابراہیم کی ڈیوٹی جنرل پارکنگ میں تھی تاہم وہ نسان گاڑی کو ریڈ زون میں پارک کر کے اس کے اندر بیٹھا ہوا تھا جبکہ اسکے یونیفارم پر اسکی نیم پلیٹ بھی نہیں تھی ۔انہوں نے بتایا کہ ٹریفک وارڈن کو گاڑی سمیت تھانے منتقل کر کے تفتیش کی جارہی ہے جبکہ بم ڈسپوزل سکواڈ سے گاڑی کی بھی سویپنگ کرائی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ حراست میں لئے جانے والے ٹریفک وارڈن کا تعلق مہمند ایجنسی سے ہے جس سے ڈیوٹی مقام کی بجائے ریڈ زون میں موجودگی کے حوالے سے پوچھ گچھ جاری ہے ۔ علاوہ ازیں سی آئی اے پولیس نے بغیر ٹکٹ اور بغیر شناخت کے قذافی اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے تین مشکوک افراد کو بھی حراست میں لے لیا ۔ ذرائع کے مطابق تینوں افراد کا تعلق بھی مہمند ایجنسی سے ہے جنہیں مزید تفتیش کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوالے کر دیا گیا ہے۔