اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے جلسے میں اس وقت ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی جب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی تقریر کے دوران کارکنان نے اسٹیج کی طرف پانی کی بوتلیں پھینک دیں اور نعرے بازی بھی کی۔تفصیلات کے مطابق جلسہ پشاور میں منعقد ہوا جہاں علی امین گنڈاپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “حقیقی آزادی کی جدوجہد جاری ہے، عدلیہ سے مطالبہ ہے کہ آئین کے مطابق انصاف فراہم کیا جائے۔” ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی، ان کی اہلیہ، قیادت اور کارکن سب کو آئینی حق کے تحت انصاف دیا جانا چاہیے۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ جب تک ریاستی ادارے آئین کے دائرے میں رہ کر کام نہیں کریں گے، ہم اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔
انہوں نے افواجِ پاکستان کے حوالے سے کہا کہ “آپ 25 کروڑ عوام کے سپہ سالار ہیں، اور بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر پوری قوم اپنی فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔ بھارت کے ساتھ جنگ کے وقت بھی عوام کو فوج کے ساتھ کھڑا ہونے کا پیغام دیا گیا تھا۔”خطاب کے دوران اچانک کئی کارکن اسٹیج کے قریب پہنچے اور بوتلیں اچھالنے کے ساتھ ساتھ نعرے بھی لگاتے رہے۔ادھر جلسے میں بدنظمی کی ایک اور صورت اُس وقت سامنے آئی جب کچھ کارکن خواتین کے لیے مخصوص حصے میں داخل ہوگئے اور وہاں کی نشستوں پر بیٹھ گئے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے انہیں دھکے دے کر باہر نکالا اور خواتین انکلوژر کو خالی کروایا۔